حیدرآباد :09 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی اور اسٹیٹ لیگل ایڈ کمیٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر بھیم سنگھ نے آج راج بھون جموں میں گورنر مسٹر ستیہ پال ملک سے ملاقات کر کے ان سے انتخابات کرانے سے پہلے ریاست کے دونوں ایوانوں میں ریزرو حلقوں کے روٹیشن کے علاوہ نشستوں کی تعداد بڑھانے کے لئے اسمبلی اور پارلیمانی علاقوں کے حد بندی کرانے کا مطالبہ کیا۔ پروفیسر بھیم سنگھ کے ساتھ ریاست کے سینئر نائب صدر پی کے گنجو اور رجنرل سیکرٹری محترمہ انیتا ٹھاکر بھی تھیں۔ پنتھرس سربراہ نے خاص طورپر جموں و کشمیر کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا، جہاں آئینی ذمہ داری کے مطابق 2026 تک انتخابی حلقوں کی حد بندی اور نشستوں کی تعداد بڑھانے کو نیشنل کانفرنس، کانگریس اور بی جے پی جیسی حکمراں پارٹیوں نے بند باب بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی سابقہ حکمراں جماعتوں کا یہ قدم ناپسندیدہ اور غیر آئینی ہے جس کا مقصدجموں و کشمیر کے ہندستانی شہریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کرنا ہے۔ پنتھرس پارٹی نے ریاست کے تینوں خطوں جموں، کشمیر اور لداخ میں رقبہ، آبادی اور پہاڑی علاقوں کے مطابق اسمبلی سیٹوں کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا۔پنتھرس سربراہ نے گورنر سے ریاست میں لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور جموں و کشمیر نیشنل پنتھرس پارٹی سمیت دیگر منظور شدہ جماعتوں کے اہم سیاسی لیڈروں کوسیکورٹی فراہم کرانے پر بھی زور دیا۔میٹنگ کے دوران ریاست کے اسپتالوں اور دیگر متعلقہ صحت اداروں کی خراب حالت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ خاص طورپر جی ایم سی اسپتال کے ٹوائلیٹ سیکش میں فوری طورپر سدھار کی ضرورت ہے ۔پنتھرس نے گورنر سے اساتذہ کی تنخواہ میں بے ضابطگیوں کو دور کرنے اور جموں وکشمیر کی تمام اساتذہ ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات کو اس کی صدر محترمہ مرگنینی سلاتھیا کی قیادت میں دور کرنے کی درخواست کی۔